مفتی محمد سلمان زاہد
فتنوں سے پناہ مانگنے کی دعائیں
فتنوں سے بچنے کا ایک بہت ہی اہم اور مؤثر ذریعہ اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع ہوکر فتنوں سے محفوظ ہونے کی دعاء مانگنا ہے ، بیشک اللہ ہی فتنوں سے بچا سکتا ہے ، انسان کی ظاہری ساری تدابیردھری رہ جاتی ہیں، اللہ تعالیٰ کی پناہ وہ محفوظ سائبان ہے جہاں انسان کا بال بیکا نہیں ہوسکتا ، اِس لئے پر فتن دور میں اللہ تعالیٰ سے خوب دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیئے ۔
حضرت حذیفہ فرماتے ہیں:
”لَيَأْتِيَنَّ عَلَى النَّاسِ زَمَانٌ لَا يَنْجُو فِيهِ إِلَّا الَّذِي يَدْعُو بِدُعَاءٍ كَدُعَاءِ الْغَرِيقِ“
لوگوں پر ضرور ایسا وقت آئے گا کہ اُس میں وہی شخص نجات پاسکے گا جو ڈوبنے والے کی طرح اللہ تعالیٰ سے دعاء مانگے۔(مصنف ابن ابی شیبہ : 37145)
نبی کریمﷺکی مبارک و مستجاب دعاؤں میں بہت سی ایسی دعائیں ملتی ہیں جن میں فتنوں سے پناہ مانگی گئی ہے ،آج کے اِس پر فتن دور میں جبکہ چہار سُو تاریک فتنوں کے ایسے گھٹا ٹوپ اندھیرے چھائے ہوئے ہیں کہ ہاتھ کو ہاتھ سجھائی نہیں دے رہا ، اُن دعاؤں کو یاد کرکے بہت اہتمام اور پابندی سے مانگنا اور مانگتے رہنا چاہیئے۔ذیل میں چند دعائیں ذکر کی جارہی ہیں :
❶”رَبَّنَا لَا تَجْعَلْنَا فِتْنَةً لِلْقَوْمِ الظَّالِمِينَ ، وَنَجِّنَا بِرَحْمَتِكَ مِنَ الْقَوْمِ الْكَافِرِينَ “
ترجمہ:اے ہمارے پروردگار !ہمیں اُن ظالم لوگوں کے ہاتھوں آزمائش میں نہ ڈالئے اور اپنی رحمت سے ہمیں کافر قوم سے نجات دیدیجئے ۔(یونس : 85 ، 86)
❷”رَبَّنَا لَا تَجْعَلْنَا فِتْنَةً لِلَّذِينَ كَفَرُوا وَاغْفِرْ لَنَا رَبَّنَا إِنَّكَ أَنْتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ“
اے ہمارے رَبّ! ہمیں کافروں کا تختہ مشق نہ بنائیے اور ہمارے پروردگار ہماری مغفرت فرمادیجئے۔(الممتحنہ:5)
❸”أَعُوذُ بِكَ مِنْ ضَرَّاءَ مُضِرَّةٍ، وَفِتْنَةٍ مُضِلَّةٍ “
ترجمہ:اے اللہ میں آپ کی پناہ چاہتا ہوں ایسی مصیبت سے جو تکلیف دینے والی ہو اور ایسے فتنے سے جو گمراہ کردینے والا ہو ۔(ابن ابی شیبہ :29346)
❹” اَللّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ فِعْلَ الخَيْرَاتِ، وَتَرْكَ المُنْكَرَاتِ، وَحُبَّ المَسَاكِينِ، وَأَنْ تَغْفِرَ لِي وَتَرْحَمَنِي، وَإِذَا أَرَدْتَ فِتْنَةً فِي قَوْمٍ فَتَوَفَّنِي غَيْرَ مَفْتُونٍ“
اے اللہ ! میں آپ سے اچھے کاموں کے کرنے کا، بُرے کاموں سے بچنے کا ، مسکینوں کے ساتھ محبت کا سوال کرتا ہوں اور اِس بات کا سوال کرتا ہوں کہ آپ مجھے معاف کردیجئے اور مجھ پر رحم فرمادیجئے ، اور جب آپ کسی قوم میں فتنہ نازل کرنا چاہیں تو مجھے بغیر فتنہ میں مبتلاء کیے وفات دیدیجئے ۔(ترمذی:3235)
❺” اَللّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ القَبْرِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ المَسِيحِ الدَّجَّالِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ المَحْيَا، وَفِتْنَةِ المَمَاتِ “
اے اللہ! میں عذابِ قبر سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں اور مسیحِ دجّال کے فتنے سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں، زندگی اور موت کے فتنے سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں ۔(بخاری:832)
❻”اَللّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ النَّارِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنَ الْفِتَنِ بَاطِنِهَا وَظَاهِرِهَا، وَأَعُوذُ بِكَ مِنَ الْأَعْوَرِ الْكَذَّابِ“
اے اللہ !میں عذابِ قبر سے آگ کے عذاب سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں اور ظاہری و باطنی تمام فتنوں سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں، اور میں جھوٹے کانے دجال سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں ۔(تہذیب الآثار مسند عمر:863) (طبرانی کبیر:12779)
❼”اَللّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الكَسَلِ وَالهَرَمِ، وَالمَأْثَمِ وَالمَغْرَمِ، وَمِنْ فِتْنَةِ القَبْرِ، وَعَذَابِ القَبْرِ، وَمِنْ فِتْنَةِ النَّارِ وَعَذَابِ النَّارِ، وَمِنْ شَرِّ فِتْنَةِ الغِنَى، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الفَقْرِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ المَسِيحِ الدَّجَّالِ، اَللّهُمَّ اغْسِلْ عَنِّي خَطَايَايَ بِمَاءِ الثَّلْجِ وَالبَرَدِ، وَنَقِّ قَلْبِي مِنَ الخَطَايَا كَمَا نَقَّيْتَ الثَّوْبَ الأَبْيَضَ مِنَ الدَّنَسِ، وَبَاعِدْ بَيْنِي وَبَيْنَ خَطَايَايَ كَمَا بَاعَدْتَ بَيْنَ المَشْرِقِ وَالمَغْرِبِ “
اے اللہ میں سستی ،بڑھاپا ، گناہ اور قرض سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں ،اورمیں قبر کے فتنے سے ، قبر کے عذاب سے، جہنم کے فتنے سے جہنم کے عذاب سے ، مالداری کے شر انگیز فتنے سے ،فقر و فاقہ کے فتنے سے اور مسیحِ دجّال کے فتنے سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں ۔(بخاری :6368)
❽”اَللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الجُبْنِ، وَأَعُوذُ بِكَ أَنْ أُرَدَّ إِلَى أَرْذَلِ العُمُرِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الدُّنْيَا، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ القَبْرِ “
اے اللہ ! میں بزدلی سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں اوراِس بات سے کہ میں عمر کے ناکارہ حصہ تک پہنچوں، اور میں دنیا کے فتنے سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں اور قبر کے عذاب سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں ۔(بخاری:2822)
❾”نَعُوذُ بِاللهِ مِنَ الْفِتَنِ مَا ظَهَرَ مِنْهَا وَمَا بَطَنَ “
ہم اللہ تعالیٰ کی پناہ چاہتے ہیں تمام ظاہری و باطنی فتنوں سے۔(مسلم:2867)
❿”اَللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْبُخْلِ وَالْجُبْنِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ سُوءِ الْعُمُرِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الصَّدْرِ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ “
اے اللہ میں آپ کی پناہ چاہتا ہوں کنجوسی اور بزدلی سے اور میں پناہ چاہتا ہوں بُری عمر سے اور دل کے فتنوں سے اور میں قبر کے عذاب سے آپ کی پناہ چاہتا ہوں ۔(نسائی :5497)
⓫ حضرت ابن ابی مُلیکہیہ دعاء مانگا کرتے تھے:
”اَللّهُمَّ إِنَّا نَعُوذُ بِكَ أَنْ نَرْجِعَ عَلَى أَعْقَابِنَا،أَوْ نُفْتَنَ عَنْ دِينِنَا “
اے اللہ! ہم تیری پناہ مانگتے ہیں اس بات سے کہ الٹے پھر جائیں یا دین میں فتنہ میں پڑجائیں۔(بخاری:6593)
٭—٭—٭
مفتی سلمان زاہد:
کتابوں کیلئے اسلامک گیان کا چینل دیکھئے:
https://islamicgyan.shakirgyan.com/all-channels/channel-details/@AlnoorIslamicChannel/books
بیانات سننے کیلئے یوٹیوب چینل دیکھئے:
https://www.youtube.com/channel/UCUexJiDI9YgSrlZdWRn09ag
-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:
https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H