Article Image

2025 نئی امیدوں اور نئے عزائم کا نیا پتہ!

2025 نئی امیدوں اور عزائم کا نیا پتہ!
اظفر منصور 8738916854
ندوۃ العلماء لکھنؤ
اللہ رب العزت کا بے پایاں فضل و احسان ہے کہ ہم لوگ 2025 کے سال میں داخل ہو چکے ہیں، یقیناً ماہ و ایام وہی ہیں، رات و دن کی گردشیں وہی ہیں، ہجر و وصل کی کہانیاں بھی جوں کی توں پڑی ہیں، سرد ہوا جھونکے، نوخیز کلیوں پر گرتی شبنم کی بوندیں، درختوں کی سرسراہٹ، شب کی پراسرار تاریکی، امید صبح کا سحر اور دور سے آتی ہوئی خاموشی کی گونج وہی ہیں۔ چاندنی کی نرم و گداز چادر، دست بستہ قطار اندر قطار سجے تاروں کی جھلملاہٹ اور صبح صادق کے بعد کی پہلی شعاعیں اور ٹھنڈی ہوائیں بھی نئی امیدوں کا سندیسہ بھی اسی اپنے طرز کہنہ پہ دے رہی ہیں۔
فضا کی لطافت، پرندوں کی چہچہاہٹ، فصیل ہندوستان کے ساتھ مختلف فراز کوہ سے گاتی، کوثر و تسنیم کی موجوں کو شرماتی، شاہد قدرت کو دکھلاتی، سنگ راہ سے گاہ بچتی گاہ ٹکراتی آبشاروں کی صدا اور کشت زاروں میں مسرت کے جھولے لیتی سنہری سنبلیں بھی وہیں ہیں۔ پھر بدلا کیا ہے؟ تو عزیزان من! اس کا جواب آسان بھی ہے مشکل بھی۔ قابل ایجاز بھی ہے اطناب بھی۔ دل کی دھڑکنوں کو روک کر، خواب کی سرگوشیوں کو تھام کر اور زندگی کی ان کہی کہانیوں سے قطع نظر اگر ہم نہایت مختصر جواب دیں تو وہی عام سا اور مشہور سا جواب ہوگا کہ بدلا کچھ نہیں سوائے ایک عدد کے۔ جہاں ہم 2024 لکھا کرتے تھے اسی جگہ کو اب وائٹ نر و ریزر سے مٹا کر 2025 کر دیں گے، بلکہ ممکنہ طور پر صرف 4 کو 5 سے تبدیل کر دیں گے۔ اس کے علاوہ اپنے گھروں سے 2024 کا کیلنڈر ہٹا کر نیا اور زیادہ مہنگا دوسرا کیلنڈر لگا دیں گے، زندگی اپنے معمول کے مطابق اسی پرانی روش پر حسب سابق چلتی رہے گی۔ لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ صرف اسی ایک تبدیلی کی وجہ سے جو ماحول بنتا ہے وہ ہماری ترقی کا ضامن ہو سکتا ہے۔
اس لئے آئیے ہم باہم پہلے خود سے یہ سوال کریں کہ کیا انسان کی روح بھی ان تاریخوں کی تبدیلی کے ساتھ بدل رہی ہے؟ کیا دلوں میں نرمی، زبان میں مٹھاس اور اعمال میں نیکی کا اضافہ ہوا ہے؟ زندگیوں میں کچھ نیا رنگ و آہنگ آیا ہے؟ اگر نہیں تو معلوم ہونا چاہیے کہ وقت کے بدلنے کا مطلب صرف سال کا یا تاریخ کا بدل جانا نہیں، بلکہ یہ ایک موقع ہے کہ ہم اپنی زندگی کے آئینے میں جھانکیں، اپنی کوتاہیوں کو پہچانیں، احتساب ایام کی عادت بنائیں اور آنے والے دنوں کو بہترین بنانے کی کوشش کریں۔ قدرت کے کبھی نہ بدلنے اور تھمنے والے مناظر ہمیں احساس دلاتے ہیں کہ ہر چیز اپنی جگہ ٹھہرنے کے باوجود ایک نئے سفر کی طرف گامزن ہے۔ تو کیوں نہ ہم بھی اپنی سوچوں، اپنے ارادوں اور اپنے عمل کو نئے جذبے سے آراستہ کریں؟ آیئے، اس نئے سال کو اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانے اور اپنے رب کی رضا حاصل کرنے کا ذریعہ بنائیں۔؂
نیا ہو یا پرانا ہو یہاں کیا فرق پڑتا ہے
وہی دن رات کے چکر ہمیں پامال کرتے ہیں
ہمارے ساتھ جو ہونا ہے وہ تو خیر ہونا ہے
مگر اے سالِ نو ،تیرا ہم استقبال کرتے ہیں

-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H