تبلیغی جماعت اور اصلاح کی ضرورت
آج کے دور میں تبلیغی جماعت کے بعض رویّے اہلِ حق کے لیے تشویش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ اس جماعت کی بنیاد دین کی تبلیغ و اصلاح کے عظیم مقصد کے تحت رکھی گئی تھی، مگر بدقسمتی سے حالیہ مشاہدات میں یہ دیکھنے کو ملا ہے کہ چند افراد جماعت کی اصل روح سے دور ہوکر ایسے اقدامات میں مصروف ہیں جو نہ صرف دین کے اصل پیغام کو مسخ کر رہے ہیں بلکہ علماء حق کے خلاف نفرت آمیز رویّے کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔ یہ افراد اتنے آگے بڑھ چکے ہیں کہ حتیٰ کہ حضرت مفتی تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم جیسے جید اور معتبر عالم دین کو بھی ہدفِ تنقید بناتے ہوئے ان کے خلاف ناپسندیدہ الفاظ استعمال کرنے سے گریز نہیں کرتے۔
علامہ سعد صاحب! ابھی کچھ عرصہ قبل جب حضرت مفتی تقی عثمانی صاحب نے خلوصِ دل سے آپ کو نصیحت فرمائی تو آپ نے "جی جی" کہتے ہوئے سرِ تسلیم خم کر دیا۔ مگر حیرت کی بات ہے کہ آپ کے چند پیروکار، جنہیں آپ کی سرپرستی حاصل ہے، سوشل میڈیا پر غیر مناسب زبان میں علماء کرام کے خلاف گفتگو کر رہے ہیں۔ مثلاً یوٹیوب پر "شبہات کا ازالہ" نامی ایک چینل مسلسل علماء ربانیین اور مخلصین پر ناپسندیدہ الزامات اور زہر آمیز بیانات دے رہا ہے۔
یہ بدزبان لوگ کسی اور کی بات سننے کو تیار نہیں، حتی کہ اگر فرشتے بھی انہیں روکنے آئیں تو یہ اندھ بھکت نہیں مانیں گے۔ ایسے افراد کو قابو میں لانا آپ ہی کی ذمہ داری بنتی ہے، کیونکہ یہ جماعت کی ساکھ کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ اُمتِ مسلمہ کے اتحاد کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اگر آپ واقعی علماء حق، خصوصاً حضرت مفتی تقی عثمانی صاحب کو اہل حق مانتے ہیں تو یہ لازم ہے کہ ان لوگوں کو لگام دیں۔
یاد رکھیں اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو اس کا وبال نہ صرف ان افراد پر بلکہ ان کے رہنماؤں پر بھی قیامت کے دن تک پڑتا رہے گا۔ اللہ تعالیٰ ہمیں دین کے اصل پیغام کو سمجھنے اور اس کی ترویج و حفاظت کی توفیق عطا فرمائے، آمین۔
ابو اشرف علی گڈاوی
-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:
https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H