Article Image

کانپور کے دو تاریخی خطبے جو ابھی تک پڑھے جا رہے ہیں

کانپور کے دو تاریخی خطبے
جو ابھی تک پڑھے جا رہے ہیں
حضرت الشاہ غلام حسین نقشبندی مجددی رحمۃ اللہ علیہ
حضرت الشاہ مولانا محمد یوسف مظاہری رحمۃ اللہ علیہ

حضرت مولانا غلام حسین کانپوریؒ سلسلۂ نقشبندیہ کے بڑے مشائخ میں گذرے ہیں ،ان کا فیض دور دور تک پہونچا ، بڑے صاحب نسبت اور صاحب تاثیر بزرگ تھے ،حضرت مولانا بشارت کریم صاحب آپ ہی کے خلیفہ ہیں ،اور ان کے ذریعہ اس سلسلہ کو بہار اوربنگال میں کافی فروغ ہوا حصول علم کے لئے سہارن پور تک پیدل سفر کیا تھا،سہارن پور سے ریل میں بیٹھ کرکانپور پہونچے ،اور مولانا احمدحسن کانپور ی ؒکے حلقۂ تلمذ میں داخل ہوئے اور تمام درسی کتابیں ان سے پڑھیں ،اور ایک مدت تک آپ سے استفادہ کیا پھر کانپور ہی میں سکونت اختیار کرلی ،اور حضرت مولانا سید محمد علی مونگیریؒ کی مسجد دلاری میں درس وتدریس کی خدمت سے وابستہ ہوگئے ،یہ مسجد احاطۂ کمال خان میں واقع ہے ،(اب کوئی احاطہ باقی نہیں ہے ،صرف گلیاں ہیں )یہ مسجد اب روٹی گلی میں واقع ہے،اس جگہ سب سے پہلے حضرت مولانا محمد علی مونگیریؒ کے اجداد میں شاہ محمد نصیبؒ تشریف لائے تھے،اور انہوں نے ایک خام مسجد بنوائی تھی ،۱۲۱۹؁ھ میں ایک شخص دین محمدطباخ اور اس کی بیوی دلاری جو فوج میں روٹی دیا کرتی تھی ،نےاس مسجد کو پختہ بنوادیا ،مسجد پر جو پتھر لگاہوا ہے اس میں دین محمد کانام لکھا ہوا ہے ،مگر شہرت مسجد دلاری" کے نام سے ہوئی ،اس مسجد میں عرصہ تک مولانا محمد علی مونگیریؒ بھی درس دے چکے ہیں۔
(سیرت مولانامحمد علی مونگیری ص ۵ بحوالہ مقامات محمدیہ ص ۵ )
حضرت مونگیری ؒجب سفر حج کو تشریف لے گئے تومولانا کانپوری ؒبھی ان کے ساتھ گئے ،مکہ معظمہ میں حضرت حاجی امداد اللہ مہاجر مکی ؒسے مثنوی درساًدرساً پڑھی ، سلوک کی تعلیم حضرت شیخ سراج الدین موسیٰ زئی سے حاصل کی ،اوران کے مجاز طریق ہوئے،پھر واپس کانپور تشریف لائے ،اور مسجد دلاری کو اپنا روحانی مستقر بنایا ،گاہے گاہے حضرت مولانا فضل رحماں گنج مرادآبادی کے یہاں بھی حاضری دیتے تھے ،ان سے سند حدیث بھی حاصل کی ، ۔۔۔۔
بڑی شہرت وقبولیت حاصل ہوئی ،سینکڑوں بندگان خدا نے فیض پایا،علم بہت پختہ تھا لیکن کوئی تصنیفی شغل نہیں رہا ،البتہ درس وتدریس اور مریدین کی تربیت پر خاص توجہ تھی ،اور اس کے لئے اسفار بھی کرتے تھے ،۴صفرالمظفر ۱۳۴۱؁ھ میں وفات پائی ،مسجد دلاری(روٹی والی گلی ) میں ہی آرام فرما ہیں ،اناللہ واناالیہ راجعون۔
(نزھۃ الخواطر ج ۸ ص ۱۳۲۰)

-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H