موبائل چلتا پھرتا گرنیڈ ۔۔۔ چارجنگ میں احتیاط معیاری چارجر کا استعمال۔
پرسوں رات دو بجے لکھنے پڑھنے سے فارغ ہوکر یہ سوچ کر موبائل چارج پر لگا کر سوگیا کہ تین ساڑھے تین بجے پیاس لگے گی تو ا ٹھ کر موبائل کو چارج سے ہٹا دوں گا مگر قسمت کا کرنا یہ ہوا کہ آنکھ نہیں کھلی ۔
پانچ بجے کے وقت ایک زوردار دھماکے سے آنکھ کھلی ۔میں نے جاگتے ہی چھلانگ لگائی۔ یہ میرا موبائل تھا جو بستر پر تکیہ کے پاس میرے سر سےصرف ایک بالشت کے فاصلے پر بلاسٹ ہوا تھا۔ آواز اس قدر زوردار تھی کہ دوسرے کمرے میں بچوں نے بھی سن لی اور وہ بھی جاگ اٹھے ۔
دھماکے کے ساتھ ہی بستر پر آگ بھڑک اٹھی۔ جس نے بیڈ شیٹ اور بستر کو نگلنا شروع کردیا۔ میں نےتکیہ اٹھاکر زور سے بستر پر مارنا شروع کیا ہرچندکہ روئی کے بستر میں آگ پھیل رہی تھی لیکن قدرت نے کرم کیا اور آگ قابو میں آگئی ۔اس دوران آگ بستر کے نیچےبھی پہنچ گئی تھی جس کے باعث آگ نے چارپائی کو بھی لپیٹ میں لیا۔ بستر اور چارپائی جلنے سے موبائل کی بلاسٹ ہونے والی بیٹری نیچے گرگئی جبکہ سکرین پاؤچ کے ساتھ چمٹ کر بیڈ شیٹ کے سات لگا ہوا تھا جس سے دھواں اٹھ رہا تھا ۔پوراگھر دھویں سے بھر گیا تھا جس نے رات کی تنہائی اور آگ کی ہولناکی کے اس منظر کو مزید سنگین بنایا تھا ۔
منہگائی کے اس طوفان میں جب بچوں کی تعلیم بھی جاری ہو ۔ایک محدود تنخوا دار شخص کے لیے موبائل کا ضیاع بہت بڑا سانحہ ہے۔
بالخصوص مجھ جیسا قلم کا مزدور بندہ جس کی روزی روٹی کا واحد ذریعہ ہی موبائل ہو۔ اس لیے شروع میں تو مجھے شدید دکھ اور افسوس ہوا ۔ دل بیٹھ سا گیا ۔ مگر جب دھماکے کی آواز کی خوفناکی اور آگ کے لپکتے شعلوں کی ہولناکی کے مناظر کو یاد کیا ۔ اورسوچاکہ قدرت نے مجھے کس طرح سے محفوظ رکھا تو غم کم ہوا اور بے اختیار رب کا شکر ادا کیا ۔
اس واقعہ کے دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ ہم میں سے بیشتر احباب سوتے وقت موبائل چارج پر رکھ کر چھوڑ نے کی غلطی کرتے ہیں ۔ آپ میں سے کوئی ساتھی رات سوتے ہوئے موبائل کو کبھی چارچ پر رکھنے کی غلطی نہ کریں ۔یہ انتہائی خطرناک عمل ہے ۔اللہ تعالیٰ سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے ۔ علی ہلال
-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:
https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H