Article Image

🌹 ماہ ربیع الاول - سیرت النبی ﷺ کے جلسے و جلوس 04 🌹

❤️ ہماری نیت درست تو نہیں ❤️

✪ دوسری بات یہ ہے کہ سیرت کی محفل اور جلسے جگہ جگہ منعقد ہوتے ہیں اور ان میں نبی کریم ﷺ کی سیرت کو بیان کیا جاتا ہے، لیکن بات دراصل یہ ہے کہ کام کتنا ہی اچھے سے اچھے کیوں نہ ہو مگر جب تک کام کرنے والے کی نیت صحیح نہیں ہوگی تب تک ان کے دل میں شوق اور جذبہ صحیح نہیں ہوگا اس وقت تک وہ کام بے فائدہ بے مصرف بلکہ بعض اوقات مضر نقصان دہ بن جاتا ہے۔
✪ دیکھئے نماز کتنا اچھا عمل ہے اور اللہ تعالیٰ کی عبادت ہے اور قرآن و حدیث نماز کے فضائل سے بھرے ہوئے ہیں لیکن اگر کوئی شخص نماز اس لئے پڑھ رہا ہے کہ لوگ مجھے نیک متقی اور پارسا سمجھیں، ظاہر ہے وہ ساری نماز بےکار ہے، بے فائدہ ہے بلکہ ایسی نماز پڑھنے سے ثواب کے بجائے الٹا گناہ ہوگا۔
✪ حدیث شریف میں ہے کہ جو شخص لوگوں کو دکھانے کے لئے نماز پڑھے تو گویا کہ اس نے اللہ کے ساتھ دوسرے کو شریک کیا ہے۔ اس لئے کہ وہ نماز اللہ کو راضی کرنے کے لئے نہیں پڑھ رہا بلکہ مخلوق کو راضی کرنے کے لئے پڑھ رہا ہے، اس لئے وہ ایسا ہے جیسے اس نے اللہ کے ساتھ مخلوق کو شریک کیا، اتنا اچھا کام تھا لیکن نیت کی خرابی کی وجہ سے بیکار ہو گیا بلکہ الٹا گناہ بن گیا۔
✪ یہی معاملہ سیرت طیبہ کے سننے اور سنانے کا ہے، اگر کوئی شخص سیرت طیبہ کو صحیح مقصد صحیح نیت اور صحیح جذبے سے سنتا اور سناتا ہے تو یہ کام بلا شبہ عظیم الشان ثواب کا کام ہے اور باعث خیر و برکت ہے اور زندگی میں انقلاب لانے کا موجب ہے۔
✪ لیکن اگر کوئی شخص سیرت طیبہ کو صحیح نیت سے نہیں سنتا اور صحیح نیت سے نہیں سناتا بلکہ اس کے ذریعے کچھ اور اغراض و مقاصد دل میں چھپے ہوئے ہیں اور جن کے تحت سیرت طیبہ کے جلسے اور محفل منعقد کی جا رہی ہیں تو بھائیوں یہ بڑے گھاٹے کا سودا ہے، اس لئے کہ ظاہر میں تو نظر آ رہا ہے کہ آپ بہت نیک کام کر رہے ہیں لیکن حقیقت میں وہ الٹا گناہ کا سبب اور اللہ تعالیٰ کے عذاب اور پکڑ کا سبب بن رہا ہے۔

🗂 سیرت النبی ﷺ کے جلسے اور جلوس
(حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم)

-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H