Article Image

دعوت حق کی راہ میں صعوبتیں وکلفتیں!

اس دنیا میں اس سے بڑا جرم اور کیا ہو سکتا ہے کہ اللہ کی سرزمین پر اللہ کا تعارف کرانے والوں کو قید و بند کیا جائے۔ اپنی جھوٹی خدائی اور بے حیثیت حکومت کے نشہ میں حقیقی خدا کے معنوی پیغمبروں کو تکلیف دی جائے۔
جب دنیا کی عارضی حکومتیں یہ برداشت نہیں کرتیں کہ ان کے وزراء و عاملین کی بے حرمتی کی جائے تو وہ اللہ جو حقیقی مالک ہے، اسے یہ کیونکر برداشت ہوگا؟
قرآن کریم میں اللہ کی یہ سنت بار بار بیان کی گئی ہے کہ جب کوئی قوم اللہ کی دعوت دینے والوں پر ہاتھ صاف کرنے لگتی ہے تو اللہ کا بے لاگ قانون حرکت میں آ جاتا ہے، حجت تمام ہو جاتی ہے اور مہلت ختم ہو جاتی ہے۔

مسئلہ یہ ہے کہ ہم دعوت کا کام کس سطح پر کام انجام دے رہے ہیں؟ اللہ کی نصرت حاصل کرنے کے لئے لازمی ہے کہ دعوت کے کام کو انتہائی حد تک کرنے کی کوشش کی جائے، راہ کے کانٹوں کو برداشت کیا جائے اور پھر وہ وقت بھی آئے گا کہ حجت تمام ہوگی اور مہلت ختم۔ نیک روحیں ہدایت یاب ہو کر سرخرو ہونگی اور ظالموں پر اللہ کا عذاب برسے گا۔

لہذا دعوت الہی کو اپنا اڑھنا بچھونا بنائیے۔ یہ راہ عزیمت کی راہ ہے. یہاں بہت کچھ قربان کرنا پڑے گا مگر یقین جانئے! نصرت الہی کا بند تالا اسی چابھی سے کھلے گا۔

Stop chasing long lives, start finding awesome deaths.
لمبی زندگی کا پیچھا کرنا چھوڑئیے، شاندار موت کی جستجو کیجئے۔

داعی جہاں ہوتا ہے، وہیں دعوتی مشن شروع کر دیتا ہے، جسم کو قید کیا جا سکتا ہے، آواز آزاد رہے گی:-
زنداں میں تو مجھ کو ڈال دیا، اے حاکم زنداں تو نے مگر
آواز کو میری روک سکے، ایسی بھی کوئی دیوار اٹھا

لہذا قیدیوں کے لئے دعا کیجئے اور ان کے اسوہ کو اختیار کرنے کی کوشش....
ابھی ظلم و ستم کا اندھیرا مزید سخت ہوگا، گھٹن اور بڑھے گی مگر ہمیں ثابت قدم رہنا ہے، تیار رہنا ہے اور آئندہ کے لئے لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔

فرحان وسیم

-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H