قرآن وسنت، حضرات صحابہ کرام اور شرعی دلائل کی روشنی میں اہل السنۃ والجماعۃ کے جو اوصاف سامنے آتے ہیں ان کی کچھ تفصیل درج ذیل ہے:
اہل السنۃ والجماعۃ وہ جماعت ہے جو قرآن کریم، سنت اور صحابہ کے طریقے پر بڑی مضبوطی کے ساتھ قائم ہو، انھی کی پیروی اپنے لیے باعثِ ہدایت سمجھتی ہو۔ عقائد، فقہ اور اخلاقیات سمیت زندگی کے ہر قول وفعل اور کردار میں ان کی اتباع کو اصل اور اہم قرار دیتی ہو، ان سے انحراف کرتے ہوئے دین میں بدعات ایجاد کرنے سے مکمل اجتناب کرتی ہو۔ جو سنت سے محبت اور بدعات سے شدید نفرت کرتی ہو۔ جو قرآن وسنت اور اجماع وقیاس کو شرعی دلائل قرار دیتی ہو اور بالترتیب ہر ایک دلیل کو اس کے مقام ومرتبہ پر رکھتی ہو۔ جو اجتہادی امور میں مجتہد کے لیے اجتہاد جبکہ غیر مجتہد کے لیے ان کی تقلید کو ضروری قرار دیتی ہو۔ جو تمام اسلامی عقائد کو ان کی صحیح اور اصلی شکل میں قبول کرتی ہے اور کسی بھی عقیدے کے بارے میں غلو یا اِفراط وتفریط کا شکار نہیں ہوتی۔ جو توحیدِ الہٰی کا اہم عقیدہ رکھتے ہوئے اللّٰہ کے سوا کسی کی عبادت نہیں کرتی، جو غیرُ اللّٰہ سے حاجتیں اور مرادیں نہیں مانگتی، غیر اللّٰہ کو دعا اور مدد کے لیے نہیں پکارتی، غیر اللّٰہ کی نذر ونیاز نہیں مانتی اور غیر اللّٰہ کے نام پر جانور ذبح نہیں کرتی۔ جو پیغمبروں کو معصوم سمجھتی ہے، ان کے علاوہ امت میں کسی کو معصوم نہیں سمجھتی۔ جو تمام صحابہ کرام اور اہل بیت عظام رضی اللّٰہ عنہم کی تعظیم واحترام کرتی ہے، ان کا تذکرہ خیر کے سوا کچھ نہیں کرتی اور ان پر تنقید کو روا نہیں رکھتی، انھیں اللّٰہ کے محبوب بندے قرار دیتی ہے جن کے لیے اللّٰہ نے مغفرت اور جنت کی بشارت دی ہے، جو انبیاء کرام علیہم السلام کے بعد صحابہ کرام کو سب سے افضل قرار دیتی ہے، پھر حضرات صحابہ میں سے بھی سب سے افضل صحابی حضرت ابو بکر، پھر حضرت عمر، پھر حضرت عثمان اور پھر حضرت علی کو قرار دیتی ہے۔ جو کہ اولیاءُ اللّٰہ، بزرگانِ دین، علمائے امت اور ائمہ مجتہدین رحمہم اللّٰہ کا احترام کرتی ہے، توحید کی آڑ میں نہ تو بزرگوں کے کمالات وکرامات کا انکار کرتی ہے، اور نہ ہی بزرگوں کے کمالات وکرامات کی بنا پر ان کو خدائی کا درجہ دیتی ہے بلکہ ان کو خدا کے محبوب بندے گمان کرتے ہوئے ان کو انھی کے مقام ومرتبہ پر رکھتی ہے۔ جو اَمر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرتی ہے اور اس میں غیر شرعی طریقوں سے اجتناب کرتی ہے۔ خلاصہ یہ کہ جو عقائد، فقہ اور اخلاق میں قرآن وسنت، صحابہ اور ائمہ کی پیروکار ہے۔ الحمدللّٰہ کہ اکابر دیوبند اہل السنّۃ والجماعۃ کے کامل پیروکار اور حقیقی ترجمان ہیں!
(اہل السنۃ والجماعۃ کے مذکورہ اوصاف بنیادی طور پر حضرت مفتی طاہر مسعود صاحب دام ظلہم کی کتاب ’’عقائدِ اہل السنۃ والجماعۃ‘‘ سے مأخوذ ہیں البتہ ان میں ترمیم واضافہ بھی کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ یہ مضمون بندہ کی کتاب ’’آئیے اسلامی عقائد سیکھیے‘‘ میں شامل ہے۔)
✍️۔۔۔ مفتی مبین الرحمٰن صاحب مدظلہم
-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:
https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H