❤️ اسلام رسمی مظاہروں کا دین نہیں، آپ ﷺ کی زندگی ہمارے لئے نمونہ ہے ❤️
✪ بات درحقیقت یہ تھی کہ رسمی مظاہرے کرنا صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی عادت نہیں تھی، وہ اسلام کی روح کو اپنائے ہوئے تھے، حضور ﷺ اس دنیا میں کیوں تشریف لائے تھے؟ آپ ﷺ کا کیا پیغام تھا؟ کیا تعلیم تھی؟ دنیا سے کیا چاہتے تھے؟ اسی کام کے لئے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے اپنی ساری زندگی کو وقف کر دیا لیکن اس قسم کے رسمی مظاہرے نہیں کئے، جو آج امت کر رہی ہے۔
✪ اور یہ طریقہ ہم نے غیر مسلموں سے لے لیا، ہم نے دیکھا کہ غیر مسلم اپنے بڑے بڑے لیڈروں کے دیوتاؤں کے دن منایا کرتے ہیں اور ان دنوں میں خاص جشن اور خاص محفل منعقد ہوتی ہیں اور ان کی دیکھا دیکھی ہم نے سوچا کہ ہم بھی نبی کریم ﷺ کے تذکرے کے لئے عید میلاد النبی ﷺ منائیں گے اور یہ نہیں دیکھا کہ جن لوگوں کے نام پر غیر قوموں کے ذریعے جو دن منائے جاتے ہیں وہ کسی تقلید کے قابل بھی تھے یا نہیں۔
✪ لیکن یہاں تو سرکار دو عالم ﷺ کے بارے میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں کہ ہم نے آپ ﷺ کو بھیجا ہی اس مقصد کے لئے تھا کہ آپ ﷺ انسانیت کے سامنے ایک مکمل اور بہترین نمونہ پیش کریں، ایسا نمونہ بن جائیں جس کو دیکھ کر لوگ نقل اتاریں، اس کی تقلید کریں، اس پر عمل کریں اور اپنی پوری زندگی کو اس کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں۔
✪ اس مقصد کے لئے نبی کریم ﷺ کو اس دنیا میں بھیجا گیا تھا، آپ ﷺ کی زندگی کا ایک ایک لمحہ ہمارے لئے ایک مثال ہے، ایک نمونہ ہے اور قابل تقلید ہے اور ہمیں آپ ﷺ کی زندگی کا ایک ایک لمحے کی نقل اتارنی ہے اور ایک مسلمان کی حیثیت سے یہ ہمارا فریضہ ہے۔
✪ لہٰذا ہم نبی کریم ﷺ کو دنیا کے دوسرے لیڈروں پر قیاس نہیں کر سکتے کہ ان کا ایک دن منا لیا اور بات ختم ہو گئی بلکہ سرکار دو عالم ﷺ کی حیات طیبہ کو ہماری زندگی کا ایک ایک شعبے کے لئے اللہ تعالیٰ نے نمونہ بنا دیا ہے اور سب چیزوں میں ہم نے ان کی اقتداء کرنی ہے، ہماری زندگی کا ہر دن ان کی یاد منانے کا دن ہے۔
🗂 سیرت النبی ﷺ کے جلسے اور جلوس
(حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت برکاتہم)
-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:
https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H