ذکر سے خوف پیدا ہوتا ہے یا اطمینان پیدا ہوتا ہے؟ قرآن میں دونوں ہی موجود نظر آتے ہیں۔ اللہ فرماتے ہیں:
ٱلَّذِينَ ءَامَنُوا۟ وَتَطْمَئِنُّ قُلُوبُهُم بِذِكْرِ ٱللَّهِ ۗ أَلَا بِذِكْرِ ٱللَّهِ تَطْمَئِنُّ ٱلْقُلُوبُ.
ترجمہ: وہ لوگ جو ایمان لاتے ہیں، اللہ کے ذکر سے ان کے دل مطمئن ہوتے ہیں۔ آگاہ ہوجاؤ! اللہ کے ذکر سے دل اطمینان پاتے ہیں۔
[سورۃ الرعد، آیت نمبر ۲۸]
دوسرے مقام پر ہے:
إِنَّمَا ٱلْمُؤْمِنُونَ ٱلَّذِينَ إِذَا ذُكِرَ ٱللَّهُ وَجِلَتْ قُلُوبُهُمْ.
ترجمہ: بیشک مؤمن تو وہ لوگ ہیں کہ جب اللہ کا ذکر کیا جاتا ہے تو ان کے دل ڈر جاتے ہیں۔
[سورۃ الانفال، آیت نمبر ۲]
درحقیقت اللہ کا خوف بذاتِ خود باعثِ اطمینان ہے، خوف بھی ہے اور اطمینان بھی ہے۔ یہ پورا سلسلہ مرحلہ وار ہے۔ قرآن ہی میں ہے:
ٱللَّهُ نَزَّلَ أَحْسَنَ ٱلْحَدِيثِ كِتابًۭا مُّتَشبِهًۭا مَّثَانِىَ تَقْشَعِرُّ مِنْهُ جُلُودُ ٱلَّذِينَ يَخْشَوْنَ رَبَّهُمْ ثُمَّ تَلِينُ جُلُودُهُمْ وَقُلُوبُهُمْ إِلَىٰ ذِكْرِ ٱللَّهِ ۚ ذَٰلِكَ هُدَى ٱللَّهِ يَهْدِى بِهِۦمَن يَشَآءُ.
ترجمہ: اللہ ہی نے بہترین کلام نازل فرمایا ہے، جو ایک کتاب ہے جس کی باتیں (نظم اور معانی میں) ایک دوسرے سے ملتی جلتی ہیں (جس کی آیتیں) بار بار دہرائی گئی ہیں، جس سے اُن لوگوں کے جسموں کے رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں جو اپنے رب سے ڈرتے ہیں، پھر اُن کی جلدیں اور دل نرم ہو جاتے ہیں (اور رِقّت کے ساتھ) اللہ کے ذکر کی طرف (محو ہو جاتے ہیں)۔یہ اللہ کی وہ رہنمائی ہے جو وہ جسے چاہتا ہے دیتا ہے۔
[سورۃ الزمر، آیت نمبر ۲۳]
یہ ایک لطیف نکتہ ہے کہ ذکرِ الہی سے پہلے تو دل خوف زدہ ہوتے ہیں اور ان میں خوف پیدا ہوتا ہے، پھر یہ خوف نرمی اور سُکون میں بدل جاتا ہے اور اللہ کے ذکر کی جانب مائل ہوجاتا ہے۔ یہی بلند درجہ ہے، اللہ کے قرب کا درجہ ہے اور اس کے انعام کا درجہ ہے۔ اللہ کے خوف میں کبھی بے چینی نہیں ہوسکتی۔ جس کو بے چینی اور مایوسی ہوجائے، اس کو وسوسہ لگا ہے، خوفِ خدا نہیں۔ اللہ کے خوف سے بھی دلوں کو اطمینان پہنچتا ہے۔ ان آیات میں کچھ قابلِ غور نکات اور بھی ہیں جن کو بخوفِ طوالت میں نے چھوڑ دیا ہے۔
✍️: سيد عکاشہ
-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:
https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H