Article Image

اسباب لعنت!

بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم

اسباب لعنت!

از: ابو حمزہ خان ندوی

لعنت اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک بہت بڑی سزا ہے، دنیا کی زندگی کے اعتبار سے اس کا مطلب ہے "قرب الٰہی اور رحمت خداوندی سے دوری، الطاف و عنایات ربانی سے مہجوری" اور آخرت کے لحاظ سے اس کا مفہوم ہے "اول وہلہ میں دخول جنت سے محرومی" اور یہی لفظ جب کافر و مشرک کے لئے بولا گیا ہو تو آخرت کی زندگی میں "ابدی عذاب" اس سے مراد لیا گیا ہے.
دور حاضر میں ایسے کام بکثرت پائے جاتے ہیں جن پر اللہ تعالیٰ کی، اس کے رسول ﷺ کی، فرشتوں اور مومنین کی لعنت وارد ہوئی ہے اور پھر وہ کام ہمارے معاشرے کا ایک حصہ بن چکے ہیں، مثلاً: شراب نوشی، قطع رحمی، سود خوری اور رشوت ستانی وغیرہ.
ذیل میں اب ہم ایسی برائیوں کا اجمالاً ذکر کرتے ہیں جن پر قرآن وحدیث میں لعنت آئی ہے، ہم میں سے ہر فرد ان برائیوں کے تناظر میں اپنا محاسبہ کرے اور زندگی کا جائزہ لے کر ان سے بچنے اور دور رہنے کی حتی المقدور سعی اور کوشش کرے:
1- کافر (اللہ تعالی، اس کے رسول ﷺ اور اس کی شریعت میں سے سب کا یا کسی ایک کا انکار کرنے والا). البقرۃ:161، الاحزاب:64
2- مرتد (اسلام کے بعد کسی اور مذہب کی طرف پھر جانے والا). آل عمران:86,87
3- بدعت ایجاد کرنے والا(دین میں کسی نئے کام کو رواج دینے والا). ابوداؤد:4530
4- اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کو تکلیف پہونچانے والا. الاحزاب:57
5- غیر اللہ کے نام پر ذبح کرنے والا.مسلم:3657
6- قرآن کریم میں زیادتی کرنے والا. ابن حبان:5719
7- تقدیر کو جھٹلانے والا. ابن حبان:5719
8- صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو برا بھلا کہنے والا اور گالی دینے والا.صحيح الجامع:5111
9- کسی مؤمن کو عمدا قتل کرنے والا. النساء:93
10- قطع رحمی کرنے والا. سورۂ محمد:22,23
11- اپنے باپ کو چھوڑ کر دوسرے کی طرف نسبت کرنے والا. ابوداؤد:5115،صحیح الترغیب:1989
12-ظلم و زیادتی کرنے والا. ہود:18
13-جھوٹ بولنے والا. آل عمران:61
14- سود لینے اور دینے والا، اس کے کاغذات (Documents) تیار کرنے والا اور اس پر گواہ بننے والا.مسلم:1598
15- رشوت لینے اور دینے والا. ابوداؤد:3580
16- زبردستی لوگوں پر حاکم بننے والا. ترمذى:2154، الترغيب و الترهيب:1/65
17- قوم لوط کا عمل کرنے والا.صحيح الترغيب:2420
18- جانور کے ساتھ بد فعلی کرنے والا.صحيح الجامع:5891
19- اندھے کو غلط راستہ بتانے والا. الادب المفرد:892،صحيح الجامع:5891
20- جانور کے منہ پر داغنے والا. ابوداؤد:2564
21- لوگوں کے (عمومی) راستہ میں یا سایہ دار جگہ میں پاخانہ کرنے والا.مسلم:269
22- دانتوں پر سوہن کرانے والی(دانت رگڑوانے والی اور حسن بڑھانے کے لئے انہیں کشادہ کرانے والی). بخارى:5943
23- چہرے کے اوپر سے بال اکھڑوانے اور نوچوانے والی، (eyebrow) وغیرہ بنوانے والی عورتیں اس میں شامل ہیں. بخارى:5931
24- نوحہ کرنے والی اور (برضا و رغبت) اسے سننے والی. ابوداؤد:3128
25- قدرتی بالوں میں مصنوعی بال (وگ وغیرہ) لگانے والی. بخارى:5933
26- گودنے اور گودوانے والی(جسم پر بیل بوٹے بنانے اور بنوانے والی). بخاری:2238
27- شراب پینے اور پلانے والا، اسے بیچنے اور اس کی قیمت کھانے والا. ترمذى:1295
28- اپنے والدین کو گالی دینے والا، برا بھلا کہنے والا. مسلم:1978
29- عورت سے اغلام کرنے والا (اس کی پچھلی شرمگاہ میں جماع کرنے والا). ابوداؤد:2162
30- حلالہ کرنے اور کروانے والا(ان پر لعنت اس وقت ہے جب کہ شرط لگائی جائے کہ تم نکاح اور صحبت کے بعد طلاق دے دو گے). ابوداؤد:2076
31- کس کی طرف دھاردار ہتھیار سے اشارہ کرنے والا.مسلم:2616
32- چوری کرنے والا. بخارى:6783
33- زمین کا نشان (اس کی حدیں) بدلنے والا.مسلم:1978
34- تصویر بنانے والا. بخاری:2086
35- قبروں کو سجدہ گاہ بنانے والا. بخارى:437, صحيح ابن حبان:2327
36- کسی بدعتی کو ٹھکانہ دینے والا (اس کی حمایت و نصرت کرنے والا).مسلم:1978
37- کسی جاندار کو نشانہ بنانے والا.مسلم:1958
38- خوشی کے موقعہ پر گانے بجانے اور مصیبت و پریشانی کے وقت چیخنے چلانے والا.صحیح الجامع:3527
39- پاکدامن، بھولی بھالی اور مؤمن عورت پر تہمت لگانے والا. النور:23
40- جو لعنت کا اہل نہ ہو اسے لعنت کرنے والا. ابوداؤد:4905
41- کفن چور(مرد ہو یا عورت). صحيح الجامع:5102
42- احتکار کرنے والا (گرانی کے وقت جب کہ لوگ غلہ کے محتاج اور ضرورت مند ہوں، غلہ خرید کر اس ارادے سے جمع کر کے رکھے کہ جب مزید گرانی ہو گی تو اسے بیچوں گا). ابن ماجہ:2153
43- مردوں سے مشابہت اختیار کرنے والی عورت اور عورتوں سے مشابہت اختیار کرنے والا مرد. بخارى:5885

-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H