Article Image

امرود کے فائدے اور نقصانات

(تحریر عبدالجبار سلہری جویا سلہریاں)

امرود آج کل سستا اور آسانی سے ملنے والا میٹھا لذیذ پھل ہے۔امیر و غریب سب کے لیے یکساں محبوب ہے اور پاکستان میں  بکثرت پایا جاتا ہے۔  یہ با آسانی ہر شخص کو دستیاب ہے۔ امرود سے جہاں بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں تو دوسری جانب زیادہ مقدار استعمال کرنے سے چند نقصانات بھی ہوتے ہیں۔ 

ان شاءاللہ تعالیٰ سب کو بیان کیا جائے گا تاکہ فوائد ہوں  اور مضرات سے بچا جا سکے۔

امرود سے حاصل شدہ فوائد جن میں شوگر و بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنا اور معدے کی بیماریاں شامل ہیں۔امرود نہ صرف نظامِ مدافعت کو قوی بناتا ہے بلکہ قوتِ ہاضمہ کو بھی بڑھانے میں مدد کرتا ہے۔ امرود میں وزن کم کرنے، جلد کو خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ دیگر بیماریوں کا بہترین علاج بھی کیا جا سکتا ہے۔

امرود ایک غذائیت سے بھرپور پھل ہے، جس میں امریکہ کے محکمہ خوراک کے مطابق 100 گرام کے ایک امرود میں  68 کیلوریاں اور 8.92شوگر موجود ہوتی ہے۔ امرود میں کیلشیم بھی بھرپور مقدار میں موجود ہوتا ہے اور 100گرام میں 18گرام معدنیات ہوتی ہیں۔100گرام امرود میں 22گرام میگنیشیم کے ساتھ ساتھ فاسفورس و پوٹاشیم  اور وٹامن اے اور بی بھی اچھی خاصی مقدار میں پایا جاتا ہے۔

 وٹامن سی، لائیکو پین، کیورسیٹن اور دیگر پولی فینولز (ایسڈ کی ایک قسم) امرود میں موجود ہوتے ہیں، جو بہترین اینٹی آکسیڈنٹس ہیں۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس جسم میں پیدا ہونے والے نقصان دہ ’فری ریڈیکلز‘ کو غیر موثر کرتے ہیں، جس سے کینسر ہونے کا خدشہ ممکن حد تک ختم ہو جاتا ہے۔ امرود پروسٹیٹ کینسر اور بریسٹ کینسر کو روکنےمیں بھی پرتاثیر مانا جاتا ہے۔

 امرود پھل کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے پانی میں ڈال دیں، تین گھنٹے بعد چھان کر پلانے سے شوگر اور زیادتی پیشاب میں فایدہ ہوتا ہے۔   

اس میں غذائی ریشہ بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے جو گلوکوز کی سطح کو کم کرنے میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔

 بلڈ پریشر قابو میں رکھنا امریکہ سے جاری ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ امرود بلڈ پریشر میں اضافے کو قابو میں رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ روزانہ ایک امرود کا استعمال آپ کو صحت مند زندگی گزارنے میں بھی مدد دیتا ہے۔

 امرود کے کچے پتوں کا رس 15 گرام  لے کر چینی ملا لینے سے بد ہضمی دور ہو کر بھوک لگنے لگتی ہے۔ اس میں جراثیم کش اور اینٹی بیکٹیریل خصوصیات پائی جاتی ہیں جو گیسٹرو کے مرض سے نجات دلاتا ہے۔

 امرود کو شہد کے ساتھ ملا کر کھانے سے دل و دماغ  اور معدہ کو تقویت بخشتا ہے۔

گرم ریت میں امرود کو بھون کر کھانے سے کھانسی میں اور نزلہ میں نمک کے ساتھ استعمال کرنے سے نجات  ہوتا ہے۔کچے ہرے امرود کو بھوبھل میں دبا کر کھانسی کے لیے مفید ثابت ہوتا ہے۔

امرود میں وٹامن سی اور آئرن بہت زیادہ مقدار پایا جاتا ہے اور یہ دونوں غذا کے اجزاء نزلہ زکام اور کھانسی کو روکنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

 پکے ہوئے امرود میں سوراخ کرکے اجوائن کا سفوف 15 گرام بھر کر اسی ٹکڑے سے بند کریں۔ اوپر سے کپڑوٹی(  کپڑے پر مٹی لتھ کر کسی طرف پر لپٹنے کا عمل اور گلِ حکمت کرنا) آگ کی بھل پر بھون لیں۔ اچھی طرح پک جانے پر گولے کو رات میں شبنم میں رکھ دیں۔ صبح  اوپر کی مٹی کو اتار کر امرود کھالیں۔ اس طرح چار پانچ بار کرنے سے بواسیر ہمیشہ کے لیے ختم ہو جائے گی ان شاءاللہ۔

 دانتوں کے درد میں امرود کے پتوں کو چبانے سے درد ٹھیک ہو جاتا ہے۔ امرود کے پتوں کا جوس دانتوں کی بیماریوں سے بچاتا ہے۔

 امرود جلد کو صرف جھریوں سے ہی محفوظ نہیں رکھتا بلکہ یہ جلد کو چمک اور تازگی بھی بخشتا ہے۔ اس کے لیے آپ گھر پر اپنا اسکرب بھی تیار کر سکتے ہیں۔ آپ کو صرف اتنا کرنا ہے کہ امرود کے ساتھ انڈے کی زردی کو پھینٹ کر چہرے پر لگائیں اور 20 منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھولیں۔ ہفتے میں کم از کم ایک بار یا پھر دو بار یہ اسکرب استعمال کرنے سے آپ کی جِلد کے مردہ خلیات ختم ہوجائیں گے اور آپ کا چہرہ کھِل اُٹھے گا۔ اس کے علاوہ امرود میں وٹامن K(حیاتیات) بھی پایا جاتا ہے، جو جلد کا رنگ پھیکا پڑنے، گہرے نشانات پڑنے، جلد کے لال ہونے اور دانوں کی جلن کے خلاف مزاحمت پیدا کرتا ہے۔

امرود کے نقصانات

 ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ امرود کے اندر چند ایسی غذائیت کے اجزاء موجود ہیں. جن کو مقررہ حد سے زیادہ استعمال کرنا صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ جو جسم میں ضرورت سے زیادہ بڑھنے پر کئی نقصانات کا باعث بن سکتے ہیں۔

 ہمیشہ صبح سویرے خالی پیٹ پکا امرود کھانے کی کوشش کریں کچا یہ  ادھ کچا امرود کھانے سے آپ کو پیٹ سے متعلق کئی پریشانیوں کا سامنا ہو سکتا ہے آپ کے پیٹ میں درد بھی ہو سکتا ہے۔

 امرود کی تاثیر ٹھنڈی ہوتی ہے اس لیے نزلہ و کھانسی والے افراد  امرود کھانے سے بچیں  ورنہ امرود  فائدے کی جگہ آپ کو نقصان پہنچا سکتا ہے  اس حالت میں امرود کا استعمال کرنا  آپ  کا نزلہ و کھانسی بڑھ جانے کا خدشہ ہے جو خطرناک  حد تک ثابت ہو سکتا ہے۔

 اگر آپ شوگر کے مریض  ہیں تو براہ کرم کسی ڈاکٹر یا حکیم کے مشورے کے بعد ہی امرود کا استعمال کریں نہار منہ امرود کھانے سے آپ کا پیٹ  پھول سکتا ہے۔

 حد سے زیادہ امرود کھانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ زیادہ  امرود کھانا پیٹ میں درد گیس سوجن وغیرہ جیسے مسئلے کا سبب ہو سکتا ہے اگر آپ کو پتھری ہے تو امرود کھانے سے گریز کرے۔

 امرود کھانے کے فوری بعد پانی پینے سے پرہیز کرنا چاہیے کیونکہ یہ گلے کو خراب کرنے کا باعث ہو سکتا ہے۔

کھانا کھانے سے ہمیشہ پہلے امرود کھائیں جو زود ہضم ثابت ہو گا اگر کھانے کے بعد امرود کھائیں گے تو فائدے کے بچائے نقصان پہنچا سکتا ہے کیوں کہ کھانے کے بعد ہمیشہ قبض کرنے کا سبب بنتا ہے ۔

 حاملہ خواتین کو امرود کا استعمال محدود مقدار میں کرنا چاہیے کیونکہ امرود کا زیادہ استعمال حاملہ خواتین کے جسم میں گیس کا مسئلہ پیدا کر سکتا ہے، ایسی صورتحال میں خواتین کے لیے امرود کو اپنی خوراک میں شامل کرنے سے پہلے ماہرین سے مشورہ لینا چاہیے۔

جو لوگ ضرورت سے زیادہ امرود کھاتے ہیں، ان کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے جسم میں وٹامن سی کی زیادتی ہونے لگتی ہے۔ امرود میں وٹامن سی کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ اس حالت میں وٹامن سی کی زیادتی کی وجہ سے انسان کو سر درد کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔

 جن لوگوں کے گردے میں پتھری ہے یا ان کو ایک بار پتھری کا مسئلہ ہو چکا ہے تو ایسے افراد  امرود زیادہ نہ کھائیں۔ ایسے اشخاص کو امرود کھانے سے قبل ایک بار ماہر ڈاکٹر یا حکیم سے مشورہ ضرور کر لیں۔ ورنہ امرود کے زیادہ کھانے سے اور بیجوں کی  وجہ سے گردے کی پتھری کا مسئلہ بڑھ کر خطرناک ہو سکتا ہے۔
مزید فوائد حاصل کرنے یا نقصان سے بچنے کے لیے معلومات   کسی ماہر غذائیت سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ 


-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H