⛺ Rayyan Camp ⛺
🛋 مسکراتی بیٹھک
📝 بچوں اور طلبہ کا حوصلہ نہ توڑیئے، ان سے وحشت کو دور کیجیئے !
پیارے نونہالان امت اور مستقبل کے معماران ملت ! 💐💐
امید ہے کہ پچھلا ہفتہ آپ کا اچھا گذرا ہوگا، آج جون کے مہینہ کی 30 تاریخ ہے، آج سے تین سال قبل میرے محبوب استاذ حضرت مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر صاحب رحمہ اللہ کا انتقال ہوا تھا، وہ بڑی محبت والے استاذ تھے، وہ زندگی کے مختلف نشیب و فراز سکھاتے تھے، ایک بات یہ بھی سکھائی تھی کہ زندگی میں کسی بھی بات کو لیکر پریشان نہ ہونا، مسائل آتے ہیں، ڈٹ کر چلنا، لوگوں کی باتوں پر کان دھرو گے تو حوصلہ ٹوٹ جائے گا، آج کل بعض بچوں بلکہ بڑوں کا بھی یہ مزاج ہوتا ہے کہ وہ آسان چیز کو مشکل بتا کر آگے کا آسان راستہ بھی مشکل بنادیتے ہیں، یہ ہمارے خیر خواہ نہیں ہیں، یہ نادان دوست ہیں اور ان سے دور رہنے میں عافیت ہے، اصل دوست وہ ہوتا ہے، جو آپ کی ہمت بڑھائے، آپ کو حوصلہ دے، اسی طرح کسی بھی بچے یا طالبعلم کو کسی بھی فن یا کتاب سے خوف دلانا وحشت اور دوری کا سبب بنتا ہے، ہمارے معاشرے میں بعض لوگوں کا یہ مزاج ہوتا ہے کہ وہ آئندہ کلاس میں آنے والے فن یا کتاب کا انجانا خوف طلبہ کے ذہن پر بٹھا دیتے ہیں، کچھ ایسے ہی خوف کا ایک قصہ مولانا عبد الماجد دریا آبادی رحمہ اللہ کا ہے، انہی کی زبانی سنئے :
"میں نے حساب میں خود کو "کچا" بنالیا تھا، جب ساتویں جماعت میں آیا تو بھائیوں نے چھیڑنا شروع کردیا کہ "اب امتحان میں اول دوم آنے کا حال معلوم ہوگا، اب "ارتھ میٹک" کے ساتھ "الجبرا" اور "یوکلیڈ" بھی ہے، اس وقت تک "جیومیٹری" کی بجائے "اقلیدس" ہی داخل تھی، مسلمانوں کو ارتھ میٹک تو آتی نہیں تھی، نتیجہ ان فقروں کا (کیا ہوا؟) خاص اپنوں کی زبان سے یہ نکلا کہ "دماغ میں دہشت سما گئی، ادھر نام حساب کا آیا کہ ادھر وحشت شروع ہوگئی، حساب کا نام آیا کہ طبیعت اچاٹ ہوگئی" ...
🥀🥀🥀🥀🥀🥀🥀🥀
نونہالو! دیکھ لیا آپ نے ؟ اتنی سی بات تھی مگر طبیعت میں توحش (وحشت) و توہم (وہم) نے جگہ پکڑ لی، آگے کہتے ہیں :
"(جب امتحان میں) سوال سامنے آیا کہ تو دل دھڑکنے لگا، انجام وہی ہوا جو ہونا تھا، ساتویں کا امتحان ہوا اور سب چیزوں کے نمبر حسب معمول بڑے اچھے تھے لیکن حساب میں پاس نہیں، فیل ہوا، طالب علمی میں پہلی بار فیل ہونے سے دوچار ہوا، .... نادان کی دوستی بھی کیسی مہلک اور عذاب جان ہوجاتی ہے، چھیڑنے والے اپنوں سے بڑھ کر اپنے تھے لیکن بات کہاں سے کہاں پہنچی اور چھیڑ کا نتیجہ کیسا دور رس ثابت ہوا، یہ واقعہ اتنی صراحت سے اس لئے درج کر رہا ہوں کہ پڑھنے والے اس سے سبق لیں کہ اس عالم اسباب میں بے جا ہنسی دل لگی بھی کیسی خطرناک ہوجاتی ہے ؟ (مستفاد : ہمارا بچپن: ص 253)
🌹🌹🌹🌹🌹🌹🌹🌹
نونہالو! اگر ہم بھی آسمان پر کمنڈ ڈالنا چاہتے ہیں، دنیا کی قیادت چاہتے ہیں، اپنی ذات کو منظم اور کامیاب کرنا چاہتے ہیں، تو نہ منفی جملے کہیں اور نہ منفی جملے سنیں اور نہ ہی منفی مزاج لوگوں کے ساتھ رہیں، یہ ہمارے دوست کی شکل میں دشمن ہیں، ہمارے حوصلے پست کرتے ہیں۔
جو عـزم سے چلتے ہیں اس جہاں میں
سارا جہاں ان کے سامنے سرنگوں رہتا ہے
🌷🌷🌷🌷🌷🌷🌷🌷
✍️ آپ کے استاذ: أبو مصطفی
(30 یونیو 2024ء یوم الأحد)
-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:
https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H