Article Image

علامات قیامت کا بیان (01)

📝علامات قیامت کا بیان (01)

علامات قیامت دو قسم کی ہیں ؛
٭]علامات صغریٰ اور
٭]علامات کبریٰ۔

[•]علامات صغریٰ سے مراد وہ علامتیں ہیں جو حضور صلی ﷲ علیہ وسلم کی پیدائش سے لے کر حضرت مہدی علیہ الرضوان کی آمد تک وقوع پذیر ہوں گی۔ان میں سے کچھ علامات ظاہر ہو چکی ہیں اور کچھ باقی ہیں۔

[•]علامات کبریٰ سے مراد وہ علامتیں ہیں جو حضرت مہدی علیہ الرضوان کی آمد سے لے کر نفخہ اولی تک ظاہر ہوں گی۔

علامات صغریٰ کئی احادیث مبارکہ میں ان کا ذکر موجود ہے۔ دو احادیث ملاحظہ ہوں:

⭐حضرت انس رضی ﷲ عنہ سے روایت ہے، فرماتے ہیں کہ میں تم سے ایک ایسی حدیث بیان کروں گا کہ میرے بعد اسے کوئی نہیں بیان کرے گا۔ میں نے یہ حدیث نبی اکرم صلی ﷲ علیہ وسلم سے سنی ہے۔ میں نے آنحضرت صلی ﷲ علیہ وسلم کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی یا یوں فرمایا کہ قیامت کی نشانیوں میں سے یہ ہے کہ علم ختم ہو جائے گا اور جہالت پھیل جائے گی، شراب پی جانے لگے گی اور زنا عام ہو جائے گا، مرد کم ہو جائیں گے اور عورتوں کی تعداد زیادہ ہو جائے گی حتی کہ پچاس عورتوں کی خبر گیری لینے والا ایک ہی مرد رہ جائے گا۔

{صحیح البخاری,رقم الحدیث 6708}

⭐حضرت ابوہریرہ رضی ﷲ عنہ سے روایت ہے کہ رسول ﷲ صلی ﷲ علیہ وسلم نے فرمایا:جب مال فئے کو ذاتی دولت، امانت کو مال غنیمت، زکوۃ کی ادائیگی کو تاوان سمجھا جائے، دین کی تعلیم کسی اور مقصد کے لیے حاصل کی جائے، آدمی اپنی بیوی کی فرمانبرداری کرے اور اپنی والدہ کی نافرمانی کرے، دوست کو قریب کرے اور اپنے والد کو دور کرے، مساجد میں آوازیں بلند ہونے لگیں، قبیلہ کا بدکار آدمی قوم کی سرداری کرے، قوم کا ذمہ دار ان کا کمینہ شخص ہو، آدمی کی عزت اس کے شر کے خوف سے کی جائے، گانے والی عور تیں اور باجے عام ہو جائیں، شراب بکثرت پی جائے اور اس امت کے آخری دور کے لوگ اپنے سے پہلے والوں پر لعنت بھیجیں تو اس وقت تم سرخ آندھی، زلزلے، زمین میں دھننے، صورتیں مسخ ہونے، آسمان سے پتھر برسنے اور ان نشانیوں کا انتظار کرنا جو اس بار کی لڑی کی طرح مسلسل ظاہر ہوں گی جس کا دھاگہ ٹوٹ گیا ہو اور اس کے دانے پے در پے گرنے لگیں۔

{جامع الترمذی,رقم الحدیث 2211}

ان روایات سے قیامت کی علامات صغریٰ یہ معلوم ہوتی ہیں:
1️⃣علم کا ختم ہو جانا اور جہالت کا پھیل جانا
2️⃣شراب کا بکثرت پیا جانا
3️⃣زنا کا عام ہونا
4️⃣مردوں کی تعداد کم جبکہ عورتوں کی تعداد کا زیادہ ہونا
5️⃣مال غنیمت کو ذاتی مال سمجھنا
6️⃣امانت میں خیانت کرنا
7️⃣زکوٰۃ کی ادائیگی کو تاوان اور بوجھ سمجھنا
8️⃣دینی تعلیم کو دنیوی مقصد کے لیے حاصل کرنا
9️⃣بیوی کی بات ماننا اور والدہ کی نافرمانی کرنا
🔟دوست کو قریب کرنا اور والد سے دوری اختیار کرنا
1️⃣1️⃣مساجد میں شور و غل کی آوازیں بلند ہونا
2️⃣1️⃣قبیلہ کی سرداری بد کار آدمی کے ہاتھ آنا
3️⃣1️⃣کمینوں کا قوم کا ذمہ دار بننا
4️⃣1️⃣شریر لوگوں کی عزت ان کے شر سے بچنے کے لیے کیا جانا
5️⃣1️⃣گانے اور موسیقی کے آلات کا عام ہونا
6️⃣1️⃣امت کے آخری دور کے لوگوں کا پہلے دور کے لوگوں پر لعنت کرنا

‼️عربی عبارات کے لیے اصل کتاب کا مطالعہ فرمائیں.

📚شرح الفقہ الاکبر صفحہ 538تا541


-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H