Article Image

Untitled Article

🌷مدارس کےاساتذہ کرام کےلئےایک اہم سبق 🌹


ایک مرتبہ کسی کام سے سسرال جانا ہوا تو وہاں سسر صاحب سے کچھ باتیں ہو نے لگیں ،تو بات کرتے کرتے ان کے زمانہ طالب علمی کا تذکرہ چھڑ گیا ،(اللہ تعالیٰ نے آپ کو بہت ساری خوبیوں سے نوازا ہے بڑے مہمان نواز ،بڑے ہمدرد اور صاحب دل آدمی ہیں) سسر صاحب (ابن حافظ شبیر صاحب) گاہ بگاہے اپنے زمانہ طالب علمی کے واقعات سناتے رہتے ہیں ۔


تو آپ نے اپنے زمانہ طالب علمی کا ایک استاد کا واقعہ سنایا کہ ان کے مدرسے میں ایک صوفی استاذ تھے جو طلباء کو درس دیا کرتے تھے ،مدرسے کی جانب سے طلباء کی نگرانی ان کے ذمہ تھی اور مدرسے کے مہتمم صاحب اصول کے بڑے پابند اور سخت تھے ،مدرسے کے اصول کے سلسلے میں کسی کی پرواہ نہیں کرتے تھے خود بھی بڑی پابندی کیا کرتے تھے ،ایک مرتبہ جب سب طلباء پڑھائی میں مشغول تھے اور اساتذہ کرام نگرانی کررہے تھے تو اچانک مہتمم صاحب کے دل میں یہ بات آئی کہ چلو دیکھتے ہیں کہ اساتذہ نگرانی کس طرح کرتے ہیں تو اس ارادے سے وہ ایک ایک درس گاہ جاتے اور طلباء اساتذہ دونوں کو دیکھتے ،اس طرح چلتے چلتے جب ان صوفی استاذ کی درسگاہ پہنچے تو دیکھا کہ طلباء تو پڑھ رہے ہیں مگر یہ استاد ہاتھ میں تسبیح لئے ذکر میں مشغول ہیں اور ایک جگہ بیٹھے ہوئے نگرانی کررہے ہیں تو مہتمم صاحب نے ان استاد کا یہ حال دیکھا تو یہ کہتے ہوئے ان کا اخراج کردیا کہ یہ امانت میں خیانت ہے یہ طلباء کی نگرانی کا وقت ہے تسبیح کا نہیں ،اور طلباء کی نگرانی کے وقت پوری توجہ ان کی طرف ہونی چاہئے نہ کہ تسبیح کی طرف ۔


یہی وجہ تھی کہ اس وقت مدرسے سے نکلنے والے طلباء واقعی علم دین کا ایک بڑا ذخیرہ لے کر فارغ ہوتے اور دنیا میں چھاجاتے ،جب اساتذہ کرام کی نگرانی اور توجہ صحیح ہوگی تو اس کا اثر طلباء پر ہوگا اور وہ مضبوط حافظ اور عالم بن کر نکلیں گے ورنہ اساتذہ کی نگرانی صحیح نہ ہوئی تو وہ اپنی نگاہیں کتاب میں رکھ کر دنیا جہاں کی باتیں کرتے رہیں گے اس طرح سے وہ اپنی طالب علمی کا زمانہ گزار کر فارغ ہو جائیں گے ۔


اس لئے اساتذہ کرام سے درخواست ہے کہ اپنے طلباء پر بھر پور توجہ دیں اللّٰہ تعالیٰ آپ کو اس کا اجر دنیا و آخرت دونوں جگہ عطا فرمائے گا ۔

منجانب محمد صادق امین قاسمی

-----------------------
اب آپ اسلامک گِیان کو واٹس ایپ پر بھی فالو کر سکتے ہیں، جہاں آپ کو روزانہ اسلامی مضامین اور حالات حاضرہ سے متعلق خبریں ملتی ہیں۔ ہمارے چینل کو فالو کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں:

https://whatsapp.com/channel/0029VaT5KTW23n3arm5Fjr3H